Audio Clip (Urdu): اللہ سبحانہ و تعالیٰ کی رضا کے لیےصالح لوگوں کی دوستی اور صحبت اختیار کرنا

Published: May 2, 2022, 10:31 a.m.

نبی آخرالزمان محمدﷺکو ان کے رب سبحانہ و تعالیٰ کی جانب سے حکم دیا گیا تھا کہ اللہ سبحانہ و تعالیٰ کی خوشنودی کے لیے نیک لوگوں کی صحبت اختیار کرو اور ان لوگوں کی صحبت سے خبردار کیا جو دنیا کی چمک دمک اور نمو د و نمائش کے پیچھے بھاگتے ہیں۔ اللہ سبحانہ و تعالیٰ نے فرمایا، وَاصْبِرْ نَفْسَكَ مَعَ الَّذِينَ يَدْعُونَ رَبَّهُمْ بِالْغَدَاةِ وَالْعَشِيِّ يُرِيدُونَ وَجْهَهُ وَلا تَعْدُ عَيْنَاكَ عَنْهُمْ تُرِيدُ زِينَةَ الْحَيَاةِ الدُّنْيَا وَلا تُطِعْ مَنْ أَغْفَلْنَا قَلْبَهُ عَنْ ذِكْرِنَا وَاتَّبَعَ هَوَاهُ وَكَانَ أَمْرُهُ فُرُطاً "اور جو لوگ صبح و شام اپنے پروردگار کو پکارتے اور اس کی خوشنودی کے طالب ہیں۔ ان کے ساتھ مل کرصبر کرتے رہیں۔ اور آپ کی نگاہیں ان میں (گزر کر کسی اور طرف) نہ دوڑیں کہ آپ آرائشِ دنیا کے خواستگار ہوجائیں۔ اور جس شخص کے دل کو ہم نے اپنی یاد سے غافل کردیا ہے اور وہ اپنی خواہش کی پیروی کرتا ہے اور اس کا کام حد سے بڑھ گیا ہے اس کا کہا کبھی نہ ماننا"(الکھف 18:28)۔ اس طرح اللہ سبحانہ و تعالیٰ نے رسول اللہﷺ کو حکم دیا کہ ان لوگوں کی صحبت اختیار کریں جو اللہ سبحانہ و تعالیٰ کو یاد کرتے ہیں ، جو اس (اللہ)کے واحد و لاشریک ہونے کی گواہی دیتے ہیں، جو اس (اللہ) کی تعریف کرتے ہیں، جو اس (اللہ) کی شان و عظمت بیان کرتے ہیں، جو اس(اللہ) کی بڑائی بیان کرتے ہیں اور دن رات صرف اس(اللہ) ہی کوپکارتے ہیں: اللہ سبحانہ وتعالیٰ کے مخلص خدمتگار چاہے وہ امیر ہوں یا غریب، کمزور ہوں یا طاقتور۔